میٹرو ٹرین کو وجے واڑہ تک محدود کرنا، تقسیم ریاست بل کی خلاف ورزی

آندھرا پردیش کی ترقی کے لئے اقدامات پر زور، سابق اسپیکر این منوہر کا بیان
حیدرآباد /24 ستمبر (سیاست نیوز) سابق اسپیکر اسمبلی این منوہر نے میٹرو ٹرین کو صرف وجے واڑہ تک محدود کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے تقسیم ریاست بل کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے، اس کے بعد ہی ’ترقی‘ ریاست کے دیگر اضلاع تک پہنچے گی۔ انھوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین وقت کا اہم تقاضہ ہے، تاہم حکومت اس کو وجے واڑہ تک محدود کرکے دیگر اضلاع اور شہروں کو نظرانداز کر رہی ہے۔ انھوں نے میٹرو ٹرین کو وجے واڑہ اور گنٹور کے علاوہ تنالی اور منگل گری تک توسیع دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دیگر شہروں اور گاووں کو میٹرو ٹرین سے مربوط کرنے سے عوام کو نہ صرف حمل و نقل کی سہولت ہوگی، بلکہ ترقی کی راہیں بھی کھلیں گی۔ علاوہ ازیں یہ تمام عصری سہولتیں دارالحکومت کے استحکام میں معاون ثابت ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ تقسیم ریاست بل کے 13 ویں شیڈول کے 12 ویں نکتے میں وی جے ٹی ایم کی حدود میں میٹرو ٹرین کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، لہذا پارلیمنٹ کی قانون سازی کا احترام اور اس پر عمل آوری بہت ضروری ہے۔ سابق اسپیکر اسمبلی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر زور دیا کہ وہ تقسیم ریاست بل کے فیصلوں پر عمل کریں اور میٹرو ٹرین کو صرف وجے واڑہ تک محدود رکھنے کی بجائے، دیگر شہروں تک توسیع دیں۔