میٹرو ریل کے کرایہ میں کمی کا مطالبہ: کانگریس

 

حیدرآباد۔/29نومبر، ( آئی این این ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حیدرآباد میٹرو ریل کے کرایوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمان اعلیٰ ڈاکٹر ڈی شراون نے کرایہ سلاب میں تبدیلی کی مذمت کرتے ہوئے اسے ٹریفک معاہدوں کی خلاف ورزی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ پیشرو کانگریس حکومت نے کم از کم 8 اور زیادہ سے زیادہ 19 روپئے کرایہ کی تجویز رکھی تھی۔ لیکن موجودہ حکومت نے 6 سلاب کو بڑھا کر 10 کردیا اور اقل ترین کرایہ بھی 10 روپئے سے لیکر زیادہ سے زیادہ 50 روپئے مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ اس کرایہ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ میں 300 گنا اضافہ ہوا ہے جو عوام پر بوجھ ہے۔ ایک عام آدمی میٹرو ریل کے ذریعہ ایک مقام سے دوسرے مقام سفر کی غرض سے 120 روپئے خرچ کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔شراون نے کہا کہ ایل اینڈ ٹی کرایوں کے ذریعہ اپنی سرمایہ کاری کا صرف 40فیصد اور مابقی 60 فیصد شاپنگ کامپلکس سے حاصل کرسکتا ہے لہذا حیدرآباد میٹرو ریل کو عام آدمی سے بھاری کرایہ وصول کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کرایہ میں کمی نہ کرنے پر احتجاج کا انتباہ دیا۔