میٹرو ریل کے کاموں کو جلد مکمل کرلینے ایم ڈی کی ہدایت

عہدیداروں کے ساتھ مختلف مقامات پر کاموں کا جائزہ ۔ جائیدادوں کے مالکین سے مشاورت
حیدرآباد 3 مارچ ( این ایس ایس ) مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے آج بیگم پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی تک میٹرو ریل وایا ڈکٹ کے کاموں کا معائنہ کیا ۔ یہ کام میٹرو ریل کاریڈار iii کے تحت چل رہے ہیں۔ میٹرو ریل سربراہ نے حکام اور متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ کاموں میں تیزی پیدا کریں ۔ حیدرآباد میٹرو ریل اور ایل اینڈ ٹی و ایم آر ایچ ایل کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ انہوں نے کچھ دوکانوں کے مالکین اور دوکانداروں سے تبادلہ خیال کیا جنکی جائیدادیں حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بیگم پیٹ پر دو عمارتوں کے مالکین کو کامیاب ترغیب دی کہ وہ عمارتوں کے سامنے میٹرو ریل کے پلرس کا کام ہونے دیں۔ میٹرو وایا ڈکٹ کیلئے ایک عمارت کا کچھ حصہ بھی کٹ کردیا جائیگا ۔ دوسری عمارت کے روبرو میٹرو پلر فاونڈیشن کا کام کیا جائیگا ۔ ان کاموں کی انجام دہی کے دوران دونوں عمارتوں کا تحفظ کیا جائیگا ۔ یہاں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی اور رکاوٹوں سے پاک بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اتفاق کیاگیا کہ جہاں کہیں اراضیات حاصل کی جا رہی ہیں عمارتوں کا تحفظ کیا جائیگا ۔کہا گیا ہے کہ کنکا درگا ٹمپل گرین لینڈز ۔ امیر پیٹ خطہ میں میٹرو پلر اور وایا ڈکٹ کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور بائیں جانب 25 تا 30 فیٹ تک جائیدادوں کو حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کے بہاو کو سہل بنایا جاسکے ۔ کہا گیا ہیکہ مادھا پور ‘ تروملا ریسیڈنسی یوسف گوڑہ میں کچھ جائیدادوں کے مالکین نے جائیدادوں کا کچھ حصہ دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ یہاں میٹرو ریل کے کاموں کی اندرون دو ماہ تکمیل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دیدی گئی ہے ۔ ایم ایچ آر ایل کے چیف انجینئر محمد ضیا الدین اور جنرل مینیجر لینڈ مینجمنٹ ایس بالا کرشنا و دوسرے سینئر عہدیداروں نے معائنہ کام میں حصہ لیا ۔