عنقریب پولیس اور میٹرو ریل پراجکٹ عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : میٹرو ریل اور مسافرین کی حفاظت سے متعلق پولیس کے اعلیٰ عہدیداران غور و فکر کررہے ہیں ۔ واضح ہو کہ اس پراجکٹ کا آئندہ ماہ افتتاح کی تجویز سے پولیس عہدیداران میٹرو سسٹم اور مسافرین کی حفاظت سے متعلق ڈی جی پی انوراگ شرما ، پولیس کمشنر حیدرآباد ایم مہیندر ریڈی ، دیگر عہدیداران اور میٹرو ریل پراجکٹ کے اعلیٰ عہدیداران کا مشترکہ اجلاس منعقد ہونے والا ہے ماضی میں منعقدہ اجلاس میں حفاظت سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا ۔ خصوصی حفاظتی دستہ ( ایس پی ایف ) کو میٹرو پراجکٹ کی حفاظتی ذمہ داری حوالہ کرنے سے متعلق غور و فکر کے باوجود اچانک ہونے والے حملوں کی روک تھام میں مسائل پیدا ہونے کے اندیشہ عہدیداران کی جانب سے ظاہر کئے گئے ۔ حیدرآباد ایک حساس مقام ہے ۔ ملک میں کہیں بھی دہشت گردانہ حملے ہوں تو کہیں نہ کہیں سے راست یا بالراست اس کی کڑیاں حیدرآباد سے جوڑی جاتی ہیں ۔ 14 ماہ قبل شہر سے 8 افراد کو دولت اسلامیہ سے روابط کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ۔ دہشت گرد تنظیمیں عالمی سطح پر کارکرد ہونے کی مناسبت سے میٹرو ریل اور مسافرین کی حفاظت کافی اہم مسئلہ ہے ۔ دہلی میٹرو کی حفاظت کے لیے سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس ( سی آئی ایس ایف ) کا تقرر کیا گیا ہے ۔ تقریبا 8 ہزار سی آئی ایس ایف عملہ دہلی میٹرو کی حفاظت میں لگا ہوا ہے ۔ دہلی میٹرو کے جیسا ہی حیدرآباد میٹرو کے لیے بھی حفاظتی اقدامات سے متعلق اعلی عہدیداران غور کررہے ہیں اور عنقریب منعقد ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں فیصلہ لے کر حکومت کو آگاہ کیا جائے گا ۔۔