میٹرو اسٹیشنوں پر 4 روپئے فی کلو میٹر کرائے کے ای بائیکس

حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : میٹرو ریلوے اسٹیشن آپ کے گھر یا دفتر سے دور ہے تو اب پریشان یا فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ دن کے اوقات میں ایک کلومیٹر کو 4 روپئے اور رات کے اوقات میں فی کلومیٹر ایک روپئے کے حساب سے ای اسکوٹر کو حاصل کیا جاسکتا ہے جس پر آپ گھر یا دفتر سے ریلوے اسٹیشن تک آجاسکتے ہیں جب کہ اگر آپ رات میں اس ای اسکوٹر کو اپنے گھر میں رکھنا چاہیں تو آپ بغیر کسی کرائے کہ اس سواری کو اپنے پاس رکھ سکتے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ ( ایچ ایم آر ایل) کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی نے امیر پیٹ کے آرٹس نمائش میں اس الکٹرانک بائیک (ای بائیک ) کا افتتاح کیا ۔ کرائے کی سواری کا پہلے ہی کامیاب تجربہ رسول پورہ ، بیگم پیٹ ، سکندرآباد ، ناگول ، پریڈ گراونڈ اور میاں پور اسٹیشن پر کیا جاچکا ہے ۔ اس ای بائیک کو کس بھی تھیری پن پلگ سے کہیں بھی چارج کیا جاسکتا ہے ۔ امیر پیٹ کے انٹرایکشن اسٹیشن میں یہ نمائش شروع کی گئی ہے اور آئندہ دس دنوں تک یہ نمائش جاری رہے گی جس میں کئی اختراعی کاموں سے عوام کو واقف کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ دریں اثناء این وی ایس ریڈی نے مزید کہا کہ گورنر کی ہدایت پر یہ نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے اور عنقریب دیگر میٹرو اسٹیشنوں پر بھی اس طرح کے نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔ جب کہ میٹرو اسٹیشنوں میں لوکل کیفے بھی متعارف کئے جائیں گے ۔۔