میوزیم مقدس مقام ، اوباما کا تاثر

واشنگٹن ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے 11 ستمبر 2001 ء کے دہشت گردانہ واقعات کی یاد میں قائم عجائب گھر کے افتتاح کرتے ہوئے اْسے ایک مقدس مقام قرار دیا۔ اوباما نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی امریکہ کو توڑ نہیں سکتی۔ اس موقع پر امریکی صدر نے اُن فوجیوں میں اعزازت بھی تقسیم کئے جو دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں حصہ لے چکے ہیں۔ اِس تقریب میں سابق صدر بِل کلنٹن اور سابقہ وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن بھی شریک تھیں۔ تقریب کے منتظمین نے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش جونیئر کو بھی مدعو کیا تھا لیکن وہ بعض دوسری مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے۔ ’نیشنل ستمبر 11 میموریل میوزیم‘ کی تعمیر کی لاگت 70 کروڑ ڈالر تک آئی اور یہ کافی عرصے سے تعمیر کیا جا رہا تھا۔ اس کی تکمیل میں بہت سی رکاوٹیں بھی دیکھنے میں آئیں جیسا کہ اس کا نقشہ، تعمیر میں تاخیر جیسے مسائل اور یہ کہ آیا میوزیم کی بنیاد میں 2001ء کے حملوں کا نشانہ بننے والے ان لوگوں کی باقیات کو دفنایا جائے، جن کی شناخت نہیں ہو پائی تھی۔