نئی دہلی ۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج دہلی کا فارم ہاؤز نقد رقم کی غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات کے سلسلے میں ضبط کرلیا ۔ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یاو کی رکن پارلیمنٹ دختر میسا بھارتی اور اُن کے شوہر کے خلاف یہ مقدمہ درج ہے ۔ فارم ہاؤس26 پالم فارمس جنوبی دہلی بیج واسن علاقہ میں واقع ہے جسے انسداد نقد رقم کی غیرقانونی منتقلی قانون (پی ایم ایل اے ) کے تحت ضبط کیا گیا ہے ۔ یہ فارم ہاؤس میسا بھارتی اور اُن کے شوہر شیلش کمار کی ملکیت ہے اور اسے میشائیل پیکرس اور پرنٹرس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام پر زیرقبضہ ہے ۔ مرکزی تحقیقاتی محکمہ نے کہاکہ اسے ایک کروڑ بیس لاکھ روپئے میں خریدا گیا تھا جو سال 2008-09 کے دوران غیرقانونی طورپر منتقل کیا گیا تھا ۔ ادارے نے اس مقام اور دیگر چند مقامات پر بھی جولائی میں اپنی تحقیقات کے ایک حصہ کے طورپر تلاشی لی تھی ۔