بلسور (اُڈیشہ)۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مسلسل دوسرے دن ہندوستان نے آج اپنے دیسی ساختہ زمین سے فضاء میں وار کرنے والے آکاش میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ اس کا دائرۂ کار 25 کیلومیٹر ہے۔ ہندوستانی فضائیہ نے اس کی آزمائشی پرواز اڈیشہ کے ٹسٹ رینج میں کی۔ عصری آکاش میزائل کو انٹیگریٹیڈ ٹسٹ رینج چاندی پور سے دن کے ایک بجکر 20 منٹ پر آزمائشی پرواز کے لئے روانہ کیا گیا۔ ہندوستانی فضائیہ کے ایم وی کے وی پرساد نے اس تجربہ کو مکمل طور پر کامیاب قرار دیا۔ یہ کل کے تجربہ کا اعادہ تھا۔ آکاش میزائل کا کل بھی تجربہ کیا گیا تھا جو انتہائی کامیاب ثابت ہوا تھا۔ یہ ایک وسط مسافتی میزائل ہے۔ ڈی آر ڈی او نے طیارہ شکن دفاعی نظام تیار کیا ہے اور میزائل آکاش اسی کا ایک حصہ ہے۔ ہندوستانی فضائیہ اسے پہلے ہی سے تعینات کرچکی ہے۔