جاریہ ماہ کے اواخر تک عوام کے لیے کھولنے کے اقدامات ، عالمی طرز تعمیر کے منصوبہ سے دستبرداری
حیدرآباد۔2جنوری(سیاست نیوز) میر عالم تالاب سے متصل زیر تعمیر پارک کو جاریہ ماہ کے اواخر میں عوام کیلئے کھولنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پرانے شہر کے علاوہ کشن باغ بہادر پورہ میں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے کئی برسوں سے زیر تعمیر یہ پراجکٹ اب قریب الختم ہے اور کہا جارہا ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک اس پارک کو عوام کیلئے کھولنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ شہر کے اس خطہ میں 6کروڑ سے زائد کی لاگت سے تیار کردہ اس پارک کو عوام کیلئے کھولنے سے قبل آخری مرحلہ کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی جا رہی ہے او رکہا جا رہا ہے کہ ان کاموں کی تکمیل کے فوری بعد ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ سے وقت حاصل کرتے ہوئے اس کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔ گذشتہ کئی برسوں سے جی ایچ ایم سی کی جانب سے میر عالم تالاب سے متصل تعمیر کئے گئے اس پارک کو عوام کیلئے کھولنے کے متعلق عہدیداروں کا کہناہے کہ کافی عرصہ سے پراجکٹ پر کام جاری تھا اور عوام کی جانب سے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے مسلسل اصرار کیا جا رہا تھا۔ گذشتہ دو انتخابات سے یہ پراجکٹ اور ترقیاتی کام زیر التواء رہے اور یہ کہا جاتا رہا ہے کہ اس پراجکٹ کو جلد مکمل کرلیا جائے گا اور اس پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات تیز کئے جا رہے ہیں۔ اس پراجکٹ کے ساتھ عالمی طرز کے ایکویریم کی تعمیر بھی منصوبہ میں شامل تھی لیکن حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اس منصوبہ سے دستبرداری اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اب صرف عوام کیلئے پارک بنایا جا رہاہے ۔اس پارک میں عوام کے لئے چہل قدمی کے علاوہ سائکلنگ ٹریک کی تعمیر میں عمل میں لائی گئی ہے تاکہ صبح کی اولین ساعتوں میں چہل قدمی کیلئے نکلنے والوں کے علاوہ سائیکل چلاتے ہوئے ورزش کرنے والوں کو بھی سہولت بہم پہنچائی جا سکے۔ پرانے شہر میں املی بن پارک کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دوسرا پارک ہے جو کشن باغ کے علاقہ میں عوام کیلئے جلد ہی کھولا جا رہاہے جبکہ سال 2007 میں ڈاکٹر وائی ایک راج شیکھر ریڈی کے دور میں املی بن پارک کا افتتاح عمل میں لایاگیا تھا اور اس وقت 2000کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب تک ان 2000 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کے حساب نہیں دیئے جا سکے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ان 2000 کروڑ کے خصوصی پیاکیج کے علاوہ بھی ترقیاتی کام انجام دیئے جا چکے ہے جن میں اسپورٹس کامپلکس وغیرہ دکھائے جانے لگے ہیں۔