’’میرے پاس خاطرخواہ ووٹ موجود ہیں‘‘ : احمد پٹیل

این سی پی ، جے ڈی ( یو) اور شنکر سنہہ واگھیلا کی تائید کاادعا
آنند ۔7 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں کل ہونے والے راجیہ سبھا کے کلیدی انتخابات سے قبل کانگریس کے امیدوار احمد پٹیل نے آج کہاکہ انھیں اپنی کامیابی کیلئے بشمول این سی پی اور جے ڈی ( یو ) ارکان اسمبلی کی درکار تعداد کی خاطر خواہ تائید حاصل ہے ۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے پولیٹکل سکریٹری احمد پٹیل نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی اور ان کے خاندانوں کو حکمراں بی جے پی ہراساں اور خوفزدہ کررہی ہے تاکہ انھیں انحراف کے لئے اُکسایا اور مجبور کیا جاسکے ۔ ان ہی واقعات کے سبب ان کی پارٹی اپنے 44 ارکان اسمبلی کو بنگلورو منتقل کرنے پر مجبور ہوئی تھی ۔ احمد پٹیل گجرات کے ضلع آنند کے مضافات میں واقع تیجانند تفریحی گیسٹ ہاؤز میں ٹھہرائے گئے 44 ارکان اسمبلی سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ احمد پٹیل نے کہاکہ ’’یہ کسی بھی طرح کسی کی عزت یا وقار کا مسئلہ نہیں ہے ۔ مجھے اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی پر پورا بھروسہ ہے ۔ ان 44 ارکان کے علاوہ این سی پی کے دو اور جے ڈی (یو) کے ایک رکن بھی مجھے ہی اپنا ووٹ دیں گے ‘‘ ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ان سب کے علاوہ کانگریس کے دیگر سات ارکان جنھوں نے تاحال فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ مجھے ووٹ دے سکتے ہیں۔ حتیٰ کہ شنکر سنہہ واگھیلا نے بھی مجھے ووٹ دینے کااعلان کیا ہے‘‘ ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’میں یہ نہیں سمجھ سکا کہ بی جے پی نے ( میرے خلاف ) اپنا تیسرا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیوں کیا جبکہ ان کے پاس ہنوز 16 ووٹ کم ہیں۔ ہماری جمہوریت نیراج اور افراتفری میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ ہم پر خفیہ نظر رکھی جارہی ہے ۔ حتیٰ کہ مجھ پر بھی حکومت کی طرف سے خفیہ نظر رکھی جارہی ہے ‘‘ ۔