میرے خاندان کو امیتھی سے تخلیہ کا حکم دیا گیا :کمار وشواس

امیتھی 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے امیتھی سے امیدوار کمار وشواس نے آج دعوی کیا کہ ان کی بیوی ،بہن اور دیگر قریبی رشتہ داروں کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امیتھی سے چلے جائیں اور قاصر رہنے کی صورت میں انہیں حراست میں لینے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کل رات پولیس نے ان کے چند حامیوں کو حراست میںلے لیا تھا۔11.30 بجے شب پولیس کی ایک گاڑی ان کی قیامگاہ پر پہنچی تھی اور مائیکرو فون پر اعلان کیا گیا کہ کمار وشواس کی بیوی ،بہن ،رشتہ دار اور حامی کارکن امیتھی کا تخلیہ کردیں ۔ بصورت دیگر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ کمار وشواس نے الزام عائد کیا کہ موہن گنج پولیس اسٹیشن میں ان کے چند حامیوں کو کچھ گھنٹے تک حوالے میںرکھا گیا اور ان کا سامان پھینک دیا گیا ۔انہوں نے اس مسئلہ پر الیکشن کمیشن کو ایک شکایت بھی کردی ہے کہ ضلع عہدیدار قواعد کی پابندی نہیں کررہے ہیں اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ایک امیدوار کے رائے دہندوں کو درج رجسٹر کرنے سے انکار کررہے ہیں اور اس کے حامیوں کوعلاقہ کا تخلیہ کرنے کا حکم دے رہے ہیں۔