میری صدارتی مہم میں جاسوس داخل کیا گیا تھا : ٹرمپ

واشنگٹن 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے محکمہ انصاف پر الزام عائد کیا کہ وہ 2016 کی ان کی مہم میں کسی جاسوس کو داخل کرتے ہوئے انہیں ماخوذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ تاہم یہ الزام ایسا ہے جس پر خود ٹرمپ کے وکیل نے شبہ ظاہر کیا ہو اور کہا کہ ایسا شائد درست نہ ہو۔ امریکہ کے قدامت پسند حلقوں میں اس طرح کے خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ اس پس منظر میں ٹرمپ نے فاکس بزنس اینکر ڈیوڈ اسمان کا حوالہ دیا اور ٹوئیٹ کیا کہ ’’ یقینی طور پر ایک جاسوس کو ٹرمپ کی مہم میں داخل کردیا گیا ہے ‘‘ ۔ ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ایسا کام ہے جو پہلے کبھی نہیں کیا گیا اور ہر طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو جرائم کا حصہ بنایا جائے جو انہوں نے کئے ہی نہیں ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے وکیل روڈی گیولیانی نے ٹرمپ کے اس بیان پر شبہات کا اظہار کیا ہے۔ جب ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ آیا کوئی غیر رسمی کارروائی اس طرح کی 2016 کی صدارتی مہم کے دوران ہوئی ہے گیولیانی نے کہا کہ وہ یقینی طور پر نہیں جانتے اور نہ ہی اس کا کوئی علم صدر کو ہوسکتا ہے ۔ اگر واقعی ایسا ہوا ہے تو اس کا کسی کو علم نہیں ہے ۔