حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : ریاست تلنگانہ میں بہت جلد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ یہ بات مسٹر وٹھل رکن تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے بتائی ۔ وہ آج یہاں تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن بہ تعاون تلنگانہ اسٹیٹ پولیس آفیسرس اسوسی ایشن بے روزگاروں کے لیے روزگار کے مواقع پر منعقدہ ورکشاپ سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے متحدہ آندھرا پردیش کی سابقہ حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ رشوت خوروں کی حکومتیں تھیں تاہم تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت رشوت سے پاک اور شفافیت کے ساتھ ملازمتیں فراہم کرنے کے عزم کی پابند ہے ۔ مسٹر وی پرکاش اعزازی صدر اسوسی ایشن نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ اپنی جدوجہد و مساعی کے ساتھ منزل کو حاصل کریں ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ انگلش میں مہارت پیدا کریں ۔۔