حیدرآباد۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم مسٹر کے سری ہری نے ایمسیٹ پرچہ سوالات افشاء واقعہ میں ملوث خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ میرٹ طلبہ کو کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایمسیٹ پرچہ سوالات افشاء کے واقعہ سے متعلق طلبہ کے علاوہ سرپرستوں پر مشتمل وفد نے ان سے ملاقات کی اور طلبہ کا مستقبل متاثر نہ ہونے کیلئے اقدامات کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، اس ضمن میں موثر اقدامات کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ طلبہ کا مستقبل متاثر نہ ہو۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے تقررات عمل میں لائے جانے پر ہائیکورٹ کے فیصلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کی کاپی وصول ہونے کے بعد اس کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کوئی قدم اٹھائے گی۔