میرٹھ : گولی سے زخمی نوجوان فوت، عام زندگی بحال

میرٹھ ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک نوجوان جو 10 مئی کو ایک مسجد کے قریب واٹر ٹینک کی تعمیر پر دو برادریوں کے درمیان جھڑپ کے دوران سر پر گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا، آج یہاں فوت ہوگیا، حالانکہ شہر میں عام زندگی معمول کی طرف لوٹ آئی ہے۔ 18 سالہ شوبھم رستوگی یہاں کے ایک میڈیکل کالج میں اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا، جہاں اسے تیرگارن علاقہ میں جھڑپ کے بعد شدید زخمی حالت میں شریک کرایا گیا تھا۔ اس جھڑپ میں دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی تھی۔ اتر پردیش حکومت نے رستوگی کے ورثا کیلئے 15 لاکھ روپئے بطور معاوضہ اور کسی ایک رکن فیملی کیلئے سرکاری نوکری کا اعلان کیا ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نودیپ رینوا نے یہاں نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو یہ بات بتائی۔ رستوگی کے علاوہ اس جھڑپ میں چھ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔ نودیپ نے کہا کہ شہر کی صورتحال بہتر ہوئی نیز سکیورٹی چوکس ہے۔