میرٹھ / لکھنو 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں پاکستان کی انٹر سروسیس انٹلی جنس کے ایک مشتبہ ایجنٹ کو حساس اطلاعات آئی ایس آئی کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اسپیشل ٹاسک فورس کے ڈی ایس پی انیل کمار نے کہا کہ ایک اطلاع ملنے پر اسپیشل ٹاسک فورس اتر پردیش پولیس نے میرٹھ ضلع میں سبھاش بازار علاقہ سے آصف علی نامی ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو ہندوستانی فوج کے تعلق سے اہم اطلاعات آئی ایس آئی کو فراہم کر رہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے قبضہ سے اہم دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران آصف علی نے آئی ایس آئی ایجنٹ ہونے کا اعتراف کرلیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس شخص کے قبضے سے ہندوستانی اور پاکستانی بینکوں کے پاس بکس اور ڈیبٹ کارڈز بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ انیل کمار نے بتایا کہ علی سے پوچھ تاچھ پر پتہ چلا ہے کہ اس کی شریک حیات اور بچے پاکستان میں مقیم ہیں اور وہ میرٹھ کے دہلی گیٹ علاقہ میں کرایہ کے مکان میں مقیم تھا ۔ لکھنو میں اتر پردیش کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس ( لا اینڈ آرڈر ) مکل گوئل نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ آصف علی ہندوستانی فوج کے تعلق سے اطلاعات آئی ایس آئی کو فراہم کر رہا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ آصف علی کی شادی پاکستان میں ہوئی ہے اور اسے وہاں دو بچے ہیں۔ وہ اپنے افراد خاندان سے ملاقات کے نام پر پاکستان جاتا رہا ہے ۔ گوئل نے کہا کہ اس طرح کے ایک دورہ کے موقع پر اس کا آئی ایس آئی کے کچھ عہدیداروں سے رابطہ ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد سے وہ اطلاعات فراہم کرنے کے عمل میں شامل ہوگیا تھا ۔