نئی دہلی ۔ /22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)اعتدال پسند حریت کانفرنس صدرنشین میرواعظ عمر فاروق نے آج رات پاکستان ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کی تاکہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین حالیہ معتمد خارجہ سطح کی بات چیت کے سلسلے میں اسلام آباد کا موقف معلوم کیا جاسکے ۔ ساتھ ہی ساتھ انہیں ریاست کی حقیقی صورتحال سے بھی واقف کرایا جاسکے ۔ میرواعظ عمر فاروق نے جو کل یوم پاکستان تقریب میں شرکت کیلئے 7 رکنی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ، دہلی پہونچنے کے بعد کہا کہ اگر ہمیں تشدد ختم کرنا ہے تو ایک دوسرے کو سمجھنا ہوگا ۔ کشمیر کا فوجی حل نہیں ہوسکتا ۔ اسے تشدد کے ذریعہ حل نہیں کیا جاسکتا ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ متوازی سیاسی عمل جاری رکھا جائے تاکہ اس مسئلہ کو حل کرنے کی سمت پیشرفت ہوسکے ۔ حریت کا بنیادی ایقان یہ ہے کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے ۔ یہ اچھی یا خراب حکمرانی سے مربوط نہیں ۔ یہ کوئی علاقائی تنازعہ نہیں ۔عبدالباسط نے حریت کانفرنس کو بتایا کہ پاکستان کو وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ اسلام آباد کا انتظار ہے اور ہم تمام مسائل کی یکسوئی کے خواہاں ہیں۔