میدک میں تلنگانہ کے ہیروز اور غداروں کے درمیان مقابلہ: ہریش راؤ

حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج کہا کہ حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخابات میں ان کی پارٹی ٹی آر ایس کو بے مثال کامیابی حاصل ہوگی اور دیگر دو جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کو دوسرا اور تیسرا مقام حاصل ہوگا اور رائے دہی سے ان دونوں جماعتوں کی صحیح حالت کا پتہ چل جائے گا۔ ہریش راؤ نے میدک کو مختلف تحریکات کا طاقتور گڑھ قرار دیا اور کہا کہ میدک میں بیالٹ کی یہ جنگ تلنگانہ کے بہادر سپاہیوں اور غداروں کے درمیان ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی پر تنقید کی اور کہا کہ جگا ریڈی کو شامل کرتے ہوئے انہوں نے اپنی پارٹی کا وقار مجروح کیا ہے۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ جگا ریڈی نے سابق کانگریس حکومت کے دوران تلنگانہ احتجاجیوں اور طلباء کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کیلئے اُکسایا تھا۔