نیم فوجی فورسیس اور ملازمین پولیس تعینات ، 16 ستمبر کو ووٹوں کی گنتی
حیدرآباد /12 ستمبر ( این ایس ایس ) حلقہ لوک سبھا میدک میں 13 ستمبر بروز ہفتہ کو ضمنی انتخابات کی رائے دہی کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں ۔ چیف الیکٹوریل آفیسر بھنورل لال نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی حلقہ میدک میں صبح 7 تا شام 6 بجے 1,837 مراکز رائے دہی میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ اس حلقہ میں 15,43,700 ووٹرس ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد و غیر جانبدار رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے نیم فوجی فورسیس کی 19 کمپنیاں اور 5000 ملازمین پولیس تعینات کئے گئے ہیں ۔ 11,000 پر مشتمل پولنگ اسٹاف اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ضمنی انتخاب میں گذشتہ انتخابات کے مقابلہ رائے دہی کا فیصد زائد رہے گا ۔ حلقہ لوک سبھا میدک میں 11 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں جہاں ٹی آر ایس ، بی جے پی ۔ ٹی ڈی پی اور کانگریس امیدواروں کے مابین سہ فریقی مقابلہ ہے ۔ اس پارلیمانی حلقہ میں 7 اسمبلی حلقہ ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پارلیمانی حلقہ میدک سے استعفی کے سبب یہ نشست مخلوعہ ہوئی ہیں جسے پُر کرنے کیلئے ضمنی انتخاب منعقد کیا جارہا ہے ۔ تمام متعلقہ عہدیداروں کو پولنگ کا ساز و سامان جمعہ کے روز حوالے کردیا گیا ۔ ضلع کلکٹر راہول بوجا نے ہفتہ کو پارلیمانی حلقہ میں تمام دفعہ کے اور ادارہ جات کیلئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی 16 ستمبر کو ہوگی اور شام تک نتائج کا اعلان متوقع ہے ۔