میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں دیوی پرساد کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ

تلنگانہ این جی اوز مجلس عاملہ میں قرار داد کی منظوری ، چیف منسٹر سے نمائندگی کا فیصلہ
حیدرآباد 18 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز اسو سی ایشن نے چیف منسٹر چندر شیکھر راو سے اپیل کی کہ میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناو میں ٹی این جی اوز کے صدر دیوی پرساد کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ این جی اوز کے عاملہ کے اجلاس میں آج ایک قرار داد منظور کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ بہت جلد اسو سی ایشن کا ایک وفد چیف منسٹر چندرا شیکھر راو سے ملاقات کرے گا اور اس سلسلہ میں نمائندگی کی جائیگی۔ تلنگانہ این جی اوز کا استدلال ہے کہ تلنگانہ تحریک میں این جی اوز نے غیر معمولی رول ادا کیا لہذا ان کی قیادت کو پارلیمنٹ اور اسمبلی میں نمائندگی دی جانی چاہئے ۔ اسو سی ایشن کے صدر دیوی پرساد کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے اسو سی ایشن نے کہا کہ میدک لوک سبھا حلقہ سے منتخب ہوکر دیوی پرساد نہ صرف تلنگانہ ملازمین بلکہ تلنگانہ عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کریں گے ۔ واضح رہے کہ چندرا شیکھر راو نے حالیہ انتخابات میں حلقہ لوک سبھا میدک کے علاوہ حلقہ اسمبلی گجویل سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد گجویل اسمبلی نشست کو برقرار رکھا اور میدک لوک سبھا حلقہ سے استعفی پیش کردیا ۔ اس حلقہ کا ضمنی انتخاب آئندہ ماہ مقرر ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیاہے ۔ میدک لوک سبھا حلقہ کیلئے دیوی پرساد کے علاوہ ٹی آر ایس قائد اور سابق آئی اے ایس عہدیدار رمنا چاری بھی ٹکٹ سے خواہاں ہیں۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے ہنمنت راو بھی میدک سے مقابلے کی تیاری کررہے ہیں اور وہ مختلف ذرائع سے چندرا شیکھر راو پر دباؤ بنائے ہوئے ہیں۔
۔۔