ملک بھر میں نمونوں کی جانچ ، ہمارا پروڈکٹ کھانے کیلئے محفوظ : نیسلے
نئی دہلی ۔ یکم جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) میاگی کی برانڈ ایمبیسیڈر بشمول بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو خبردار کیا گیا ہے کہ نیسلے کے اس معروف پروڈکٹ کا اشتہار گمراہ کن پایا گیا تو اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ میاگی نوڈلس کے ملک بھر میں نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیاہے جبکہ نیسلے انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بیرونی لیبارٹری اور ساتھ ہی ساتھ اندرون ملک اس پراڈکٹ کے معائنے کروائے گئے اور یہ رپورٹ ملی کہ میاگی کھانے کیلئے محفوظ ہے ۔ تاہم کمپنی نے لیباریٹری کا نام نہیں بتایا اور کہا کہ اس وقت جو بھی معائنے کئے جارہے ہیں اس میں حکام ممکنہ تعاون کریں گے ۔ وزارت اُمور صارفین نے حرکت میں آتے ہوئے آج کہا کہ سنٹرل فوڈ سیفی ریگولیٹر نے تمام ریاستوں میں میاگی کے نمونوں کی جانچ شروع کردی ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی ۔ تمام معائنوں کی رپورٹس توقع ہے کہ دو تا تین دن میں موصول ہوں گی ۔ نیسلے انڈیا کے خلاف بارہ بنکی عدالت میں پہلے ہی ایک مقدمہ درج کیا جاچکا ہے ۔ اداکار امیتابھ بچن ، مادھوری ڈکشٹ اور پریتی زنٹا کو بھی علحدہ طورپر عدالت میں طلب کیا گیا ہے جو دو منٹ میاگی نوڈلس برانڈ کی تشہیر کرتے ہیں۔