میانمار میں رائٹرز کے دونوں صحافی رہا

ینگون ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں روہنگیا کے بحران کی رپورٹنگ پر قید کیے جانے والے خبررساں ادارے رائٹرز کے دو صحافیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔33 سالہ وا لون اور 29 سالہ کیاو سو او کو میانمار کے صدر کی جانب سے معافی دیے جانے پر رہائی ملی ہے۔ انھوں نے دارالحکومت نیگون (رنگون) کے مضافات کے جیل میں 500 دن سے زیادہ کی مدت گزاری۔انھیں سرکاری رازداری ایکٹ کی خلاف ورزی میں گذشتہ سال ستمبر میں سات سال قید کی سزا ہوئی تھی۔ان کی گرفتاری کو پریس کی آزادی پر ضرب کے طور پر دیکھا گیا اور اس نے میانمار میں جمہوریت پر سوال کھڑے کردیے۔جیل سے رہا ہونے کے بعد وا لون نے بی بی سی کے نک بیکے کو بتایا کہ وہ صحافت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘میں اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کو دیکھ کر پرجوش اور واقعی خوش ہوں۔ میں اپنے نیوز روم میں جانے کے لیے بے چین ہوں۔ان صحافیوں کو عام معافی کے تحت ہزاروں دوسرے لوگوں کے ساتھ رہائی ملی ہے۔ میانمار میں ہر نئے سال کے موقعے پر عام معافی دی جاتی ہے۔