میئرس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر زور

اعلی سطحی اجلاس میں انتظامات پر چیف منسٹر کا غور
حیدرآباد ۔ 5؍ اکٹوبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے حیدرآباد میں 6 تا 10 اکٹوبر منعقد شدنی عالمی میئرس کانفرنس کے پرسکون انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے اتوار کو سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں حیدرآباد کے برانڈ امیج کو ابھارنے میں معاون ثابت ہونے والی اس بین الاقوامی سطح کی کانفرنس کے انعقاد کے لئے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلات دریافت کیا ۔ انہوں نے بیرونی ممالک سے پہنچنے والے تمام میئران کو مناسب سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے 15 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ جائزہ اجلاس میں چیف سکریٹری راجیو شرما ‘ جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار ‘ ڈ جی پی انوراگ شرما اور دیگر اعلی عہدیداروں نے شرکت کی ۔