مہیشورم سے سی پی آئی امیدوار عزیز پاشاہ کی کامیابی پر بے مثالی ترقی کی ضمانت

کئی مقامات پر مسائل کا انبار ، بھاری ریالی اور جلسہ سے خطاب

حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز)سینئر کمیونسٹ قائد وامیدوار اسمبلی حلقہ مہیشورم جناب سیدعزیزپاشاہ نے سرورنگر منڈل کے مختلف علاقوں کا پیدل دورہ اور روڈشو کیا۔ انہوں نے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ مہیشورم سے سی پی آئی کے امیدوار کی کامیابی کو حلقہ کی بے مثال ترقی کی ضمانت قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے کئی سالوں سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قائدین اور کارکن بناء کسی مفاد کے مہیشورم اسمبلی حلقہ کو گنجان آبادی میں تبدیل کرنے اور بے گھر عوام کو گھروں کی فراہمی کی غرض سے سرکاری اراضیات پر حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے بستیاں بسانے کاکام کیا ہے اور اگراسمبلی حلقہ سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے امیدوار کو کامیابی ملتی ہے تو یقینا یہ تمام بستیاں بنیادی سہولتوں سے آراستہ کی جائیں گی جو عوامی نمائندگی کی لاپرواہی کاشکار ہیں۔ جناب سیدعزیزپاشاہ نے عوام سے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ اسمبلی حلقہ مہیشورم میں کوئی بھی خاندان سرکاری اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا ۔ انہو ںنے بنیادی سہولتوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکول‘ طبی مراکز کا اسمبلی حلقہ مہیشورم میں جال بچھانے کا بھی عوام سے وعدہ کیا۔ جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا نصب العین ہے انہوں نے کہاکہ اسمبلی حلقہ مہیشورم میں جہاں کانگریس نے انتخابی مفاہمت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سی پی آئی کے مخالف اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے وہیں پر فرقہ پرست بی جے پی اور موقع پرست تلگودیشم پارٹی کا امیدوار عوام کے سامنے ہے انہو ںنے کہاکہ دونوں ہی پارٹی اور ان کے امیدواروں کی حقیقت سے عوام اچھی طر ح واقف ہے ۔