مہیشورم اسمبلی حلقہ کو ترقی یافتہ بنانے کا تیقن

سی پی آئی امیدوار جناب سید عزیز پاشاہ قادری کا ریالی سے خطاب

حیدرآباد۔18اپریل(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کو بلاتفریق مذہب ‘ ذات پات عوامی ترقی کو ترجیح دینے والی سیاسی جماعت قراردیتے ہوئے مہیشورم اسمبلی حلقہ سے سی پی آئی کے امیدوار جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی نمائندگی پر مہیشورم اسمبلی حلقہ میںبسائی گئی بستیاں خود اس بات کا ثبوت ہیں جہاں پر تمام مذہب کے عوام ذات پات کے جھگڑوں سے بالاتر ہوکر متحدزندگی گذار رہے ہیں۔اسمبلی حلقہ مہیشورم کے محلہ لینن نگر‘ تروملا ہلز‘ بھگت سنگھ نگر‘ این ٹی آر نگر کے علاوہ اطراف واکناف کے محلہ جات کے دوروزہ ہنگامی دورے کے بعد مقامی عوام سے خطاب کرتے ہوئے جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ مہیشورم کے بیشتر بستیاں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی نمائندگی پر بسائی گئی ہیں مگر متعلقہ عوامی نمائندوں نے پچھلے پچیس سالوں میںمذکورہ بستیوں کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ نہیںکیا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مہیشورم اسمبلی حلقہ سے ان کا انتخاب اسمبلی حلقہ کو ترقی یافتہ بنانے کی ضمانت ہوگا انہو ںنے مزیدکہاکہ بیشتر بستیوں میںکرشنا ندی کے پانی کی پائپ لائن نہیں ہے سب سے پہلے اُن علاقوں میں پانی کی لائن نصب کی جائیگی تاکہ عوام کو درپیش آبرسانی مسائل کو حل کیاجاسکے۔ اس کے علاوہ جناب سیدعزیز پاشاہ نے اس بات کا بھی اعلان کیاکہ مہیشورم اسمبلی حلقہ کے سرکاری اراضیا ت پر نئی بستیاں بسنے اور بے گھر عوام کو پکے مکانات فراہم کرنے کے لئے نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ مہیشورم میں سرکاری اسکول ‘ سرکاری دواخانے قائم کرنے کے لئے بھی حکومت سے نمائندگی کا وعدہ کیا اور کہاکہ اسمبلی حلقہ سے میری کامیابی ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے نہیں بلکہ عوامی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانے کاذریعہ ہوگا۔جناب سیدعزیزپاشاہ نے ووٹ مشین کے نمبر چھ بٹن جس پر سی پی آئی کانشانہ درانتی بھٹہ پر مہر لگاکر سی پی آئی کے حق میںاپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی بھی عوام سے اپیل کی۔