مہوبہ ،3اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش میں مہوبہ کے صدر کوتوالی علاقے میں دائیں بازو کی ہندو تنظیم بجرنگ دل کے ایک اہم لیڈر کی لاش برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی ۔واقعہ سے ماحول بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر بڑی تعداد میں پولیس اور پی اے سی کو تعینات کیاگیا ہے ۔ پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ صدر جیتیندر دوبے نے بدھ کو بتایا کہ بجرنگ دل کے سبھاش نگر وارڈ کے کنوینر راہول ورما کی لاش بری حالت میں وجے ساگر روڈ پر واقع پہاڑی پر کل دیر رات پڑی ملی۔وہ نزدیک ہی واقع کاشی رام کالونی میں اپنے مکان سے دوپہر کو اچانک غائب ہوگیا تھا۔معاملے کی اطلاع پولیس کودے کر گھروالے اس کی تلاش کررہے تھے ۔راہول کی لاش ملنے کی خبر پھیلتے ہی ضلع اسپتال میں را ت کو ہی مختلف ہندو تنظیموں کے سیکڑوں کی تعداد میں کارکنان جمع ہوگئے اور ہنگامہ کرنے لگے ۔اس دوران پولیس سے ان کی نوک جھونک بھی ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ راہول کی موت کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکاہے ۔ہلاک شدہ کے منہ میں جھاگ دیکھ کر معاملہ مشتبہ مانا جارہا ہے ۔گھروالوں نے کاشی رام کالونی میں رہنے والے ایک مخصوص طبقے کے پانچ افراد پر راہول کے قتل کا الزام لگایا ہے ۔ان نوجوانوں سے راہول کا تین دن پہلے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔نوجوانوں نے اس وقت گھرپر بھی حملہ کرکے بری طرح مارپیٹ کی تھی۔