نئی دہلی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بائیں بازو جماعتوں نے اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ کے خلاف آئندہ ہفتہ سے ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِن جماعتوں نے یونیورسل پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کا مطالبہ کیا۔ سی پی آئی، سی پی آئی (ایم) ، آل انڈیا فارورڈ بلاک اور آر ایس پی قائدین کے سرکردہ اجلاس میں مہنگائی کی وجہ سے عوام کے تمام طبقات پر غیرمعمولی بوجھ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اِس اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 15 تا 31 جنوری ملک گیر سطح پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں قائدین کا یہ موقف تھا کہ عوام کو مہنگائی سے بالکل راحت نہیں مل رہی ہے اور غذائی افراط زر کی شرح میں ریکارڈ 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس کے بعد مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے بائیں بازو قائدین نے کہاکہ اُن کے احتجاج کے دوران کئی مطالبات بشمول پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی روک تھام ہیں۔
بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر حملے
بی جے پی کا اظہارتشویش
نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے بنگلہ دیش میں انتخابات کے بعد جاری تشدد میں ہندوؤں پر مسلسل حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ پارٹی نے توقع ظاہر کی کہ ہندوستان اس معاملہ کوسفارتی طور پر حل کرتے ہوئے علاقہ میں استحکام کو یقینی بنائے گا۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ارون جیٹلی نے کہا کہ مابعد انتخابات تشدد میں ہندوؤں پر حملے ہورہے ہیں اور اس ملک میں ہندو اقلیتیں پہلے ہی عدم تحفظ سے دوچارہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہندوستان علاقہ میں استحکام کی بحالی میں مدد کرے گا بصورت دیگر پڑوسی ملک کے اثرات ہندوستانی سرحد پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی ترجمان نرملا سیتارامن نے کہا کہ حکومت ہند کو یہ مسئلہ سفارتی سطح پر اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی ہندو فرقہ پر مسلسل حملے ہورہے ہیں اور یہ ہمارے لئے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں حکومت ہند کو فوری حرکت میں آنا چاہئے۔