مہنگائی پر قابو پانے حکومت کے اقدامات سے بہتری

نئی دہلی 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں مہنگائی پر قابو پانے حکومت کے اقدامات کے بعد افراط زر کی شرح کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے فینانس سکریٹری اروند مایارام نے آج کہاکہ ملک میں قیمتوں کی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور مہنگائی میں کمی واقع ہوگی۔ حالیہ حکومت نے بڑھتی قیمتوں پر روک لگادی ہے۔ پیداوار میں اضافہ پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ ان اشیاء کی پیداوار کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

آئندہ دنوں میں غذائی اشیاء کی خریدی میں اضافہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے لہذا قیمتوں میں استحکام لانے حکومت نے اقدامات کئے ہیں جس سے افراط زر پر قابو کرلیا جائیگا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا افراط زر میں گراوٹ کا رجحان معیشت کیلئے مثبت ہوگا۔ مایارام نے کہاکہ مہنگائی پر قابو پایا جاسکے گا۔ اب کمی کا رجحان چل رہا ہے اور یہ افراط زر نیچے جائے گا۔ مجھے اعتماد ہیکہ حکومت نے جو اقدام کئے ہیں انکے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔ پیداوار کو بڑھانے حکومت کوشش کررہی ہے تو معیشت میں سدھار آئے گا۔ افراط زر کی شرح کو نیچے جانا ہے۔ مارکٹ میں ریٹیل افراط کی شرح 3 ماہ کے اندر سب سے کم شرح درج کی گئی ہے جو 8.28 فیصد رہی۔ اپریل میں یہ شرح 8.59 فیصد تک پہونچ گئی تھی۔ قیمتوں میں کمی سے ترکاریوں، دالوں اور ڈیری اشیا کی قیمتیں گھٹ گئی ہیں۔ مارکٹ میں قیمتوں پر قابو پانے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فوڈ پروسسنگ صنعت کو بھی تقویت دی جارہی ہے۔ مایا رام نے کہاکہ مودی حکومت تمام ضروری اقدامات کرکے مہنگائی پر قابو پانا چاہتی ہے۔ زرعی شعبہ میں طویل مدتی برآمداتی مارکٹ کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔