مہلوک سکھ اور ہندو بھی اصل افغان شہری تھے : افغان سفیر

واشنگٹن 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سفیر افغانستان متعینہ امریکہ حمداللہ مہیب نے جلال آباد میں حالیہ دہشت گرد حملے میں مہلوک اقلیتی سکھ اور ہندو طبقات کے افراد کی یاد میں منعقدہ دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں
مقیم ہندو اور سکھ ہندوستانی مہاجرین نہیں ہیں بلکہ اصل افغان شہری ہیں۔ واضح رہے کہ جلال آباد میں یکم جولائی کو افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے لئے پہونچنے والے 19 افراد اُس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب ایک خودکش بمبار نے سکھوں اور ہندوؤں کے ایک قافلہ کو نشانہ بنایا تھا۔ بعدازاں اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ حمداللہ مہیب نے کہاکہ واشنگٹن ڈی سی کے افغان سفارت خانہ میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں کہاکہ اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ اقلیتی سکھ اور ہندو ہندوستان سے تارکین وطن کی حیثیت سے افغانستان آئے تھے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ سکھ اور ہندو اصل افغانی ہیں اور اس ملک کے شہری ہیں۔