مہا کوٹمی چندرا بابو نائیڈو کے اشارہ پر : کشن ریڈی

حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے سابق فلور لیڈر جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں مہا کوٹمی چندرا بابو نائیڈو کے اشارہ پر کام کر رہی ہے۔ کانگریس مخالفین طاقتوں کو نائیڈو کے اس موقف پر غور کرنا چاہئے کہ وہ کس طرح عارضی سیاسی فائدہ کیلئے کانگریس سے مفاہمت کرچکے ہیں۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے چندرا بابو ۔ راہول گاندھی ملاقات پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ دو مختلف نظریات کی حامل جماعتوں میں اتحاد معنیٰ خیز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چندرا بابو نائیڈو کو ریاست کی ترقی اور ریاست کے مفادات کے تحفظ سے کوئی مطلب نہیں ہے ۔ وہ صرف اپنا اقتدار اور کرسی بچانے کے مقصد سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کا قیام کانگریس کی مخالفت کیلئے ہوا تھا لیکن چندرا بابو نائیڈو نے تلگو عوام کی عزت نفس کو راہول گاندھی کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاسی وجود برقرار رکھنے کیلئے کانگریس سے اتحاد کیا گیا اور نائیڈو کے پیش نظر عوام کی خدمت سے زیادہ اقتدار ہے۔ تلگو دیشم اب نندا موری تلگو دیشم باقی نہیں رہی بلکہ نارا واری تلگو دیشم میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا کوٹمی کے نام پر تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھا جارہا ہے جبکہ 2014 ء میں عوام نے کانگریس اور تلگو دیشم دونوںکو مسترد کردیا تھا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا موقف مستحکم ہوا ہے اور دیہی علاقوں میں بی جے پی کے حق میں لہر ہے۔ مرکز میں نریندر مودی حکومت کے کارناموں کے سبب تلنگانہ میں بی جے پی کا مظاہرہ بہتر ہوگا۔