نئی دہلی’ 29اگست (یو این آئی) مہاراشٹر میں کسانوں کی تاریخی ریلی کی کامیابی کے بعد مارکسی کمیونسٹ پارٹی سے وابستہ تنظیم اب پانچ ستمبر کو دارالحکومت میں کسانوں کی ایک عظیم الشان ریلی کریں گے جس میں تقریباً تین لاکھ لوگوں کے حصہ لینے کی امید ہے ۔ معروف ماہر اقتصادیات پربھات پٹنائک ‘ ساہتیہ اکادمی کے سابق سکریٹری سچیدانندن ‘ سائنس داں اور سماجی کارکن گوہر رضا’ بجو کرشنن اور دنیش ابرول نے آج مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ مسٹر پٹنائک نے کہا کہ پہلے کسانوں کی ریلیاں نکلتی رہی ہیں اور مہاراشٹر میں گذشتہ دنوں ایک تاریخی ریلی نکلی جو ممبئی تک پہونچی اس مرتبہ پانچ ستمبر کو وہ ایک ایسی ہی ریلی نکال رہے ہیں جس میں کسانوں کے علاوہ مزدور بھی حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسیوں سے صرف کسان ہی نہیں بلکہ مزدور بھی متاثر ہوئے ہیں اور وہ کارپوریٹ اور اقتدار کے گٹھ جوڑ سے پریشان ہی نہیں بلکہ زیادتی اور استحصال کا شکار ہیں۔ اس لئے کسانوں او رمزدوروں کا اتحاد بھی ضروری ہے ۔