مہاراشٹرا کی طرز پر ہوٹلوں کے اوقات پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

محمد سلیم کی قیادت میں عنقریب کے ٹی آر سے نمائندگی
حیدرآباد۔/22جولائی، ( سیاست نیوز) ٹوئن سٹیز ہوٹلس اونرس اسوسی ایشن نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے ہوٹلوں کے اوقات پر پابندی ختم کرنے کیلئے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسوسی ایشن کے ایک وفد نے آج صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات کی۔ وفد میں محمد افسر، حسن بن سالم، خلیل احمد،مرزا احمد اور عبدالواحد موجود تھے۔ انہوں نے محمد سلیم کو ایک یادداشت حوالے کی اور اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی درخواست کی۔ محمد سلیم ہوٹلس اونرس اسوسی ایشن کے صدر نشین ہیں۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ ملک بھر میں تجارت کے اعتبار سے موزوں ریاست کے طور پر اُبھری ہے۔ حکومت نے صنعت و تجارت کو فروغ دیتے ہوئے سرمایہ کاری میں اضافہ کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت نے جنوری 2018 سے ریاست بھر میں ہوٹلوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت دی ہے۔ اسوسی ایشن نے مہاراشٹرا حکومت کے احکامات کی نقل حوالے کی اور کہا کہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے تلنگانہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ بھی مہاراشٹرا کی طرز پر ہوٹلوں کے اوقات پر پابندی ختم کردے۔ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری نے بتایا کہ پابندی ختم کرنے سے نہ صرف تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ بہت جلد اسوسی ایشن کا نمائندہ وفد کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ حکومت بھی تجارتی کے فروغ کیلئے مثبت فیصلے کرے گی۔