نئی دہلی ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین کے معاون بانی یسین بھٹکل اور اس کے ساتھی اسداللہ اختر نے آج این آئی اے کی خصوصی عدالت میں دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف ایک مقدمہ کے ضمن میں مہاراشٹرا پولیس نے اقبالی بیانات دینے کیلئے زبردستی کی تھی۔ بھٹکل اور اختر کو ڈسٹرکٹ جج آئی ایس مہتا کے اجلاس پر پیش کیا گیا تھا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹرا پولیس کے عہدیداروں نے دھمکی دی تھی کہ ان کا کہنا نا ماننے کی صورت میں وہ پولیس تحویل میں خودکشی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ملزمین نے اپنے وکیل ایم ایس خان کے ذریعہ درخواست دائر کرتے ہوئے مہاراشٹرا پولیس کی تحویل میں قلمبند بیانات سے منحرف ہونے کی درخواست کی اور عدالت نے اس کا نوٹ لیا ہے۔ عدالت نے اس درخواست کو ریکارڈ میں شامل کرلیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ عدالت میں دونوں ملزمین نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹرا پولیس عہدیداروں کی دھمکیوں کے سبب اس بات پر خوفزدہ تھے کہ ان کے ساتھ کچھ ناگہانی واقعہ ہوسکتا ہے اور وہ اس سے بچنے کیلئے سادہ کاغذات پر دستخط کئے تھے ۔ تاہم عدالت نے دونوں ملزمین کو 29 اپریل تک عدالتی تحویل میں دیدیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے معاون ملزمین عبیدالرحمن اور ابو فیصل کی 29 اپریل کو حاضری کیلئے وارنٹ جاری کئے ہیں، جنہیں پہلے عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا تھا ۔ ذرائع کے مطابق عبیدالرحمن فی الحال بنگلور جیل میں ہے اور فیصل اپنے خلاف مقدمات کے ضمن میں بھوپال میں آئے ہوئے ہیں۔ عدالت نے انڈین مجاہدین کے 10 مفرور سرکردہ کارکنوں کے خلاف اشتہاری مجرمین کے طور پر کارروائی کرنے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی ایک درخواست کو بھی قبول کرلیا۔ ممنوعہ دہشت گرد تنظیم کے یہ مشتبہ کارکن ہندوستان میں متعدد دہشت گرد حملوں کی مبینہ سازش کے مقدمہ میں ملزم ہیں۔ اس عدالت نے 24 فروری کو این آئی اے کی چارج شیٹ کا نوٹ لیا تھا جس میں یسین ، اختر ، منظر امام اور عذیر احمد ہندوستان کے خلاف جنگ دہشت گرد حملوں کی سازش کے ملزم بتائے گئے ہیں۔
کمار وشواس 4 کروڑ اثاثوں کے مالک، حلفنامہ میں انکشاف
امیٹھی ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حلقہ لوک سبھا امیٹھی سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف مقابلہ کرنے والے عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس آج پرچہ نامزدگی کے ساتھ داخل کردہ حلفنامہ میں اپنے چار کروڑ روپئے مالیتی اثاثوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے اور اپنی بیوی منجو شرما کے اثاثوں کی تفصیلات پیش کی۔ حلفنامہ کے مطابق کمار کے منقولہ اثاثے زائد از 1.28 کروڑ ہیں، ان کی بیوی کے اثاثے 56 لاکھ بتائے گئے ہیں۔ رشی کیش اور وسندھرا غازی آباد میں ان کے دو رہائشی فلیٹس غیر منقولہ جائیدادیں ہیں جن کی مالیت 1.29 کروڑ بتائی گئی ہیں۔