مہاراشٹرا میں قیدیوں کو ایس بی آئی اے ٹی ایم کارڈس

جیل کے تمام 800 قیدیوں کو سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ
ناگپور 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل جیل کے تقریباً 140 قیدیوں کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم کارڈس حوالے کئے گئے ہیں۔ ان اے ٹی ایم کارڈس کو تمام قیدی جیل کے احاطہ میں موجود اے ٹی ایم بھی استعمال کریں گے۔ بینک حکام نے جیل کے تمام 800 قیدیوں کو اے ٹی ایم کارڈس سربراہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کارڈس کو مہاراشٹرا ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (محابس) ڈاکٹر بھوشن کمار اپادھیائے اور ڈپٹی جنرل منیجر ایس بی آئی ناگپور زون بی شنکر نے کہاکہ یہ کارڈس چنندہ قیدیوں کو دیئے جارہے ہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ یوگیش دیسائی اور اسسٹنٹ جی ایم ایس آئی ناگپور زون راکیش سنہا بھی موجود تھے۔ مہاراشٹرا کے 9 سنٹرل جیلوں میں 10,000 قیدیوں کو یہ سہولت دی جائے گی۔ اس پائلیٹ پراجکٹ کے لئے ناگپور کو منتخب کیا گیا۔ یہاں کے قیدی اپنا کارڈ استعمال کرتے ہوئے کینٹن میں کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ صابن، بالوں کا تیل، خوردنی اشیاء خرید سکتے ہیں۔ ان کی محنت کے عوض انھیں جو رقم ملتی ہے وہ بینک میں رکھ کر بعدازاں استعمال کرسکتے ہیں۔ قیدی اپنی رہائی کے بعد بھی کارڈس استعمال کرسکتے ہیں۔ کوئی بھی قیدی ماہانہ 2500 روپئے خرچ کرسکتا ہے اور ان کے رشتہ دار بھی اس کے بینک اکاؤنٹ میں 2500 روپئے تک رقم جمع کرسکتے ہیں۔