مہاراشٹرا میں ضرورت مند مریضوں کیلئے سرکاری امداد میں اضافہ

ممبئی ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضرورت مند مریضوں کے علاج کے لیے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے فراہم مالی امداد میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ مزید آپریشنس ( سرجری ) کا احاطہ کیا جاسکے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر دیویندر فڈنویس نے کل یہاں یوم جمہوریہ کے موقع پر عوام سے ملاقات کے دوران یہ اعلان کیا ۔ چیف منسٹر آفس کے ایک ذرائع نے بتایا اب یہ مالیاتی امداد ، جگر کی تبدیلی ، جوڑوں ( ہڈیوں ) کی تبدیلی ، قلب کی تبدیلی اور دیگر بڑے آپریشنس کے لیے فراہم کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں بچوں کے لیے آئی سی یو میں رکھنے کی صورت میں مصارف بھی ادا کئے جائیں گے ۔ فی الحال چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے ضرورت مند مریضوں کے علاج و معالجہ کے لیے صرف 2 لاکھ روپئے فراہم کئے جانے تھے جس میں 3 لاکھ روپئے تک اضافہ کردیا گیا اور مصنوعی اعضاء لگانے پر حکومت نصف اخراجات برداشت کرے گی ۔