مہاراشٹرا میں تلنگانہ ورکرس کسمپرسی کا شکار

واپس لانے فوری اقدامات کرنے حکومت سے مطالبہ ‘ سی پی آئی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مہاراشٹرا میں زندگی بسر کرنے والے ورکروں کی کسمپرسی کی زندگی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مہاراشٹرا میں کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے والے تمام تلنگانہ ورکرس کی تلنگانہ میں ان کے آبائی مقامات پر واپس لانے اقدامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے یہ بات کہی اور بتایا کہ چندر شیکھر راؤ نے سابق میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مہاراشٹرا میں زندگی بسر کرنے والے ورکروں کو علحدہ تلنگانہ حاصل ہونے کے بعد ان ورکروں کے ساتھ مکمل انصاف کرنے اور ان کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کا تیقن دیا تھا لیکن تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئے زائد از دو سال ہوجانے کے باوجود چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ ڈاکٹر نارائنا نے ممبئی میں تلنگانہ بھون تعمیر کرتے ہوئے وہاں پر عہدیداروں کو بھی تعینات کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں منظم کیے جانے والے ’ ترنگا یاترا ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت ہندوستان کو پیچھے ڈھکیلنے کیلئے یہ ترنگا یاترا منظم کی جارہی ہے انہوں نے ترنگا یاترا کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہندوتاو کو اکسا رہی ہے اور فرقہ واریت کو فروغ دے رہی ہے ۔ اور جو کوئی بھی ترنگا یاترا کے تعلق سے استفسار کررہے ہیں انہیں ملک کے غدار کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔