پونے ۔ /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی کئی ریاستوں بشمول مہاراشٹرا میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس کے اثر و رسوخ پر سکیورٹی ایجنسیاں کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور پولیس نے اب تک 94 ویب سائیٹس کو بلاک کردیا جنہیں نوجوانوں کو دہشت گردی کیلئے اکسانے کے مقصد سے استعمال کیا جارہا تھا ۔ مہاراشٹرا انسداد ہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) سربراہ وویک پھنسالکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ 10 تا 12 ریاستوں بشمول مہاراشٹرا میں آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ) کے اثرات دیکھے جارہے ہیں ۔ پولیس نے گزشتہ سال 94 ویب سائیٹس کو بند کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مثبت پہلو یہ ہے کہ مذہبی رہنما اور کمیونٹی قائدین آئی ایس کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں اور نوجوانوں میں بیداری کے ساتھ ساتھ اس کے اثرات کو روکنے میں ہماری مدد کررہے ہیں ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اے ٹی ایس کو آئی ایس کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں تو انہوں نے نفی میں جواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس کی سرگرمیوں کے جواب میں اے ٹی ایس بھی اپنی ویب سائیٹ شروع کرے گی ۔