ناسک ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں نئے بیف امتناع قانون کے تحت پہلا کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع مالیگاؤں ٹاؤن میں مبینہ گاؤکشی کرنے والے 3 افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ اس طرح کے واقعات کا پتہ چلانے کیلئے تلاش جاری ہے۔ مخبر کی اطلاع پر پولیس نے آزاد نگر علاقہ میں ایک مقام پر دھاوا کیا اور ذبح کردہ جانوروں کے دو سروں کو ضبط کرلیا اور ان کے قبضہ سے 150 کیلو گرام گوشت بھی ضبط کیا گیا۔ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر شیواجی بنتیواؤ نے کہا کہ نئے مہاراشٹرا انیمل پر ریزرویشن (ترمیمی) قانون کے تحت بیلوں اور بھینسوں کو ذبح کرنے پر پابندی ہے۔ اس قانون کو بی جے پی زیرقیادت حکومت نے 6 مارچ سے نافذ کیا ہے۔ قانون کے تحت کوئی بھی شخص گوشت فروخت کرتے ہوئے یا اپنے پاس رکھتے ہوئے پایا گیا تو اس کو 5 سال کی جیل اور 10 ہزار روپئے جرمانہ ہوگا۔ پولیس نے 3 ملزمین رشید عرف پانڈیا، حمید عرف لینڈی اور آصف تلائی کے خلاف کیس درج کیا ہے۔