مہاراشٹرا اور گجرات میںزبردست بارش کے اندیشے

نئی دہلی ۔ 23 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) بحر عرب پر ہوا کے کم دباؤ میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ یہ ایک ماہ میں دوسری مرتبہ ہے اور اندیشہ ہے کہ اس میں مزید شدت پیدا ہوگی جس کی وجہ سے مہاراشٹرا اور گجرات میں زبردست بارش اور تیز رفتار آندھی آنے کا اندیشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج پیش قیاسی کی ہے کہ شمال مشرقی اور متصلہ مشرقی وسطی بحر عرب میں ہوا کا کم دباؤ مشرق کی جانب ہلکی سی پیشرفت کرچکا ہے اور پوربندر کے جنوب مغرب میں 280 کیلو میٹر کے فاصلہ پر صبح 5-30 بجے مرکوز تھا۔ امکان ہے کہ یہ سست رفتار سے شمال ۔شمال مشرق کی سمت حرکت کرے گا اور اس کی شدت میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے 45 تا 55 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی اور ان کی رفتار میں اضافہ ہوکر گجرات اور شمالی مہاراشٹرا کے ساحل پر 65 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آئندہ 24 گھنٹوں کے درمیان چلنے کا بھی اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے مچھیروں کو سمندر میں جانے کے خلاف انتباہ دیا ہے کیونکہ سمندر متلاطم اور بہت زیادہ متلاطم ہونے کا اندیشہ ہے ، اس لئے مچھیروں کو چاہئے کہ آئندہ دو دن تک سمندر میں نہ جائیں۔ ماہرین موسمیات کے بموجب صورتحال ابتدائی مرحلوں یا استوائی طوفان کے آخری مرحلوں جیسی ہے۔