مہاراشٹرا :اقتدار کی بِساط پر مجلس و شیوسینا کے درمیان بالواسطہ تعاون

ممبئی ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : مہاراشٹرا میں اقتدار کا مزہ چکھنے کی پہلی کوشش میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین سے شیوسینا نے بالراست تعاون کیا ہے کیوں کہ شیوسینا نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی مئیر انتخابات میں حصہ نہ لیا جائے ، جس کے باعث مجلس امیدوار کی کامیابی کے لیے راہ ہموار ہوگئی ۔ تاہم مالیگاؤں کارپوریشن میں شیوسینا لیڈر سنجے دوسالے نے یہ تردید کی ہے کہ ان کی پارٹی ڈپٹی مئیر کے عہدہ پر قبضہ کے لیے مجلس کی تائید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ پر فیصلہ کا ہمیں اختیار حاصل ہے اگر چیکہ ہم نے رائے دہی میں حصہ نہیں لیا لیکن ہم مجلس کی بھی تائید نہیں کی ۔ انہوں نے بتایا کہ 80 رکنی میونسپل کارپوریشن کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب میں شیوسینا کلیدی رول ادا کرنے کے لیے کامیاب حکمت عملی اختیار کی ہے ۔ جس کے ارکان کی تعداد 11 ہے ۔ شیوسینا نے تیسرے محاذ کے امیدوار حاجی ابراہیم کے حق میں ووٹ دے کر انہیں مئیر منتخب کروایا ہے ۔ تیسرے محاذ کے ارکان کی تعداد 24 ہے جس نے شیوسینا 11 ، مجلس 9 ، مہاراشٹرا نونرمان سینا 2 ، کی تائید سے مئیر کے عہدہ پر قبضہ کرلیا ۔

جب کہ کانگریس نے صرف 32 ووٹ حاصل کر کے شکست سے دوچار ہوگئی ۔ ڈپٹی مئیر کے لیے مجلس کے شیخ یونس عیسیٰ اور مالیگاؤں وکاس اگھاڑی کے سنیل گائیکواڑ مقابلہ میں تھے شیوسینا نے سیاسی مخاصمت کی بنا گائیکواڑ کے حق میں ووٹ نہیں دیا ۔ جس کے نتیجہ میں مجلس امیدوار 34 ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی مئیر کی حیثیت سے منتخب ہوگئے ۔ انہیں گائیکواڑ کے مقابلہ میں 2 ووٹ زائد حاصل ہوئے ۔ واضح رہے کہ گائیکواڑ سے گذشتہ ماہ اکٹوبر کے اسمبلی انتخاب میں شیوسینا امیدوار دادا جی بھوسے کے خلاف مقابلہ کیا تھا ۔ وہ اب دیویندر فڈنویس کی کابینہ میں منسٹر آف اسٹیٹ ہے مالیگاؤں میں مجلس کا کوئی وجود نہیں تھا لیکن گذشتہ ماہ اکٹوبر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے 9 کونسلروں نے وفادار تبدیل کر کے مجلس میں شامل ہوگئے ۔ قبل ازیں مجلس نے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن اقتدار تک پہنچنے میں ناکام رہی ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں مجلس کے 2 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔ اس الیکشن میں مجلس نے ممبئی میں کانگریس کے خلاف اپنے امیدواروں کو مقابلہ میں اتارا تھا ۔ جس کے نتیجہ میں شیوسینا کو 8 نشستوں پر کامیابی کے لیے راہ ہموار ہوئی تھی ۔۔