ہیرے کے کاروباری رسل مہتا کی بیٹی شلوکا مہتا سے عنقریب منگنی متوقع
نئی دہلی۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے سب سے بڑے تاجر اور ریلائینس انڈسٹریز کے چیف مکیش امبانی کے سب سے بڑے بیٹے آکاش امبانی کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں گشت کررہی ہیں۔ اطلاع کے مطابق وہ جاریہ سال ڈسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ آکاش امبانی کی شادی ہیرے کے کاروباری رسل مہتا کی سب سے چھوٹی بیٹی شلوکا مہتا کے ساتھ ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ منگنی آئندہ چند ہفتوں میں ہوسکتی ہے جبکہ شادی ڈسمبر کے آخر میں ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ آکاش امبانی اور شلوکا نے دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی ہے، وہیں خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آکاش امبانی کی شادی یا منگنی کی کوئی تاریخ فی الحال طئے نہیں ہے۔