مکہ میں حیدرآبادی رُباط میں قیام کے مسئلہ پر تعطل برقرار

مرکزی حج کمیٹی کو فوری اقدامات کرنے ناظر رباط حسین شریف کی توجہ دہانی

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے عازمین حج کے مکہ مکرمہ میں واقع رُباط میں قیام کا مسئلہ ابھی بھی تعطل کا شکار ہے۔ ناظر رباط حسین شریف نے اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی سے خواہش کی کہ وہ جلد اس مسئلہ کی یکسوئی کرے۔ بصورت دیگر حج 2014 کیلئے رباط کی سہولت فراہم کرنے سے وہ قاصر رہینگے۔ واضح رہے کہ حیدرآبادی رُباط میں قیام کے مسئلہ پر اوقاف کمیٹی، نظام ٹرسٹ اور ناظر رباط کے درمیان تنازعہ سے گذشتہ سال ریاستی عازمین حج اس سہولت سے محروم رہے۔ ناظر رُباط نے سنٹرل حج کمیٹی پر واضح کردیا ہے کہ اگر رُباط میں قیام کے سلسلہ میں ان کی جانب سے آن لائن فہرست کو منظوری دی گئی تو وہ مزید ایک اور عمارت کرایہ پر حاصل کرنے تیار ہیں کیونکہ حرم کی توسیع کے سلسلہ میں رُباط کی ایک عمارت منہدم کی گئی۔ ناظر رُباط نے کہا کہ اگر سنٹرل حج کمیٹی ان کی تصریح کو منظوری دے گی تو وہ ایک اور عمارت حاصل کرنے تیار ہیں۔

اس مسئلہ پر ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں نے بھی اپنے مکتوب کے ذریعہ قونصل جنرل ہند برائے جدہ کی توجہ مبذول کروائی تھی ۔ انہوں نے توجہ دلائی تھی کہ اگر رُباط میں قیام کے مسئلہ کی یکسوئی نہیں کی گئی تو پھر ریاست کے 250عازمین رُباط میں قیام کی سہولت سے محروم ہوجائیں گے اور ان پر زائد مالی بوجھ عائد ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 21 فبروری کو سکریٹری اوقاف کمیٹی ایچ ای ایچ دی نظام کو مکتوب روانہ کرکے ناظر رُباط سے مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے تاکہ حج 2014 کے عازمین کو دشواری نہ ہو۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی نے کہا کہ گذشتہ سال تنازعہ کے باعث عازمین حج کو کرایہ کی رقم ادا کرنی پڑی تھی۔مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ حج 2014ء کیلئے رباط میں قیام سے متعلق رُباط حکام کی جانب سے مکتوب کی اجرائی کی آخری تاریخ 10جون مقرر کی گئی ہے۔ جو عازمین رُباط میں قیام کے خواہشمند ہیں انھیں چاہیئے کہ وہ متعلقہ رُباط حکام سے الاٹمنٹ لیٹر حاصل کرکے 10جون سے قبل سنٹرل حج کمیٹی میں داخل کردیں۔10جون کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی رباطوں کے حکام اپنی گنجائش کے اعتبار سے الاٹمنٹ لیٹرس جاری کریں گے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے واضح کردیا کہ رُباط حکام کی جانب سے کسی بھی تاخیر کیلئے سنٹرل حج کمیٹی ذمہ دار نہیں ہوگی۔ ان حالات میں اوقاف کمیٹی ایچ ای ایچ دی نظام کو چاہیئے کہ وہ ناظر رُباط سے مذاکرات کرکے معاملہ کی فوری یکسوئی کریں تاکہ جاریہ سال آندھرا پردیش کے عازمین حج رُباط میں قیام کی سہولت سے محروم نہ رہیں۔