منیٰ سے واپسی کے بعد کئی حجاج کی طبیعت ناساز ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 15۔ستمبر (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں آج صبح محترمہ شیخ محبوب بی کی تدفین عمل میں آئی ، جن کا کل خرابی صحت کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ کرنول سے تعلق رکھنے والی خاتون حاجی جو اپنے بھانجے کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئی تھی، 2 ستمبر کو طبیعت بگڑ گئی۔ تدفین کے سلسلہ میں اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے مرحومہ کی دختر سے نو آبجیکشن سرٹیفکٹ حاصل کرتے ہوئے انڈین حج مشن کو روانہ کیا۔ شرائط کے مطابق تدفین کیلئے کسی فرد خاندان کی جانب سے این او سی کی اجرائی ضروری ہے۔ مرحومہ کی دختر شاکرہ کی جانب سے این او سی روانہ کئے جانے کے بعد آج صبح مکہ مکرمہ میں تدفین عمل میں آئی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایام حج کی تکمیل کے بعد منیٰ سے واپس ہونے والے بعض حجاج کرام کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں مقامی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ہے۔ کئی حجاج کرام نے کھانسی اور دست کی شکایت کی ہے۔ دوسری طرف منیٰ سے واپسی کے بعد رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کیلئے ناظر رباط حسین شریف کی جانب سے ضیافت کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے۔ حسین شریف اپنی شخصی نگرانی میں حجاج کے کھانے کا انتظام کر رہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 25 یا 26 ستمبر سے حجاج کرام کے قافلہ مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوں گے، جہاں 8 یا 9 دن قیام رہے گا۔ حجاج کی واپسی کا 5 اکتوبر سے آغاز ہوگا اور 12 اکتوبر تک 15 فلائیٹس کے ذریعہ حجاج کرام وطن واپس ہوں گے ۔ ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ واپسی ہوگی اور ہر فلائیٹ میں 340 افراد کی گنجائش رہے گی۔ آندھراپردیش کے عہدیدار بھی اپنے خادم الحجاج سے ربط میں ہیں اور معلومات حاصل کر رہے ہیں۔