مکہ معظمہ ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت صحت کے ترجمان فیصل الزہرانی نے کہا ہیکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1000 سے زائد حجاج کرام کئی عارضوں کے علاج کیلئے مکہ معظمہ کے دواخانوں میں زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مریضوں میں 11 ستمبر کو طواف کے دوران کرین حادثہ میں زخمی ہونے والوں کے علاوہ 23 ستمبر کو منیٰ میں بھگدڑ کے دوران زخمی ہونے والے چند افراد بھی شامل ہیں۔ الزہرانی نے کہا کہ بھگدڑ کے دوران زخمی 352 حجاج کو مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے کئی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کو منتقل کیا گیا ہے۔ فیصل الزہرانی نے دونوں مقامات مقدسہ کے طبی مراکز اور آوٹ پیشنٹ کلینکس سے جمع شدہ اعداد کی بنیاد پر کہا کہ ایام حج کے دوران 3,86,072 افراد علاج کیلئے رجوع ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 4,05,542 حجاج ایمرجنسی وارڈس سے رجوع ہوئے تھے جن کے منجملہ 1,115 کو مختلف امراض کے علاج کیلئے دواخانوں میں شریک کیا گیا۔ 607 افراد لو لگنے (سن اسٹروک) سے متاثر ہوئے تھے۔ 115 افراد شدید لو اور گرمی سے متاثر ہوئے تھے۔ 5 خواتین نے بچوںکو جنم دیا۔ 22 مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔ گردے کے عارضہ سے متاثر 2,213 مریضوں کو ڈائیلاسیس لگائے گئے۔