مکہ معظمہ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) حرم شریف کے توسیع پراجکٹ کے باعث مکہ معظمہ میں تاریخی مقامات کو خطرہ پیدا ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ملٹی بلین کے تعمیراتی پراجکٹس اور وسیع و عریض شاہی محل کی تعمیر کے باعث کئی تاریخی مقامات زمین دوز کئے جارہے ہیں جن میںحضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیدائش کے مقام کو بھی ہٹایا جارہا ہے۔مکہ معظمہ میں توسیع پراجکٹس کیلئے سینکڑوں تاریخی عمارتیں منہدم کئے جارہے ہیں ۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع ولیعہد شہزادہ سلمان نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ سعودی کمیشن برائے سیاحت و آثار قدیمہ سے منظوری کے بغیر کسی بھی تاریخی عمارت کو منہدم نہ کریں۔ ان کی یہ ہدایت شاہی فرمان کے تابع ہے جس میں تمام وزراء اور ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تاریخی اسلامی مقامات اور آرکیالوجیکل و ہیریٹیج مقامات کو بھی محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔شہزادہ سلطان بن سلمان نے ولیعہد شہزادہ سلمان کی ہدایت کی ستائش کی ہے ۔ حرم شریف کی گنجائش میں اضافہ کیلئے توسیع پراجکٹ کو ضروری سمجھا جارہا ہے ۔ مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز عبداللہ الشیخ نے بھی اس توسیع پراجکٹ کی حمایت کی ہے۔حکومت سعودی عرب توسیع پراجکٹ کے تحت تاریخی عمارتوں کو ہٹا کر لگژری ہوٹلس ،اپارٹمنٹس اور شاپنگ مالس تعمیر کررہی ہے۔