حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے کہا کہ مکہ مسجد میں افطار اور تراویح کے موقع پر مصلیوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے انتظامات میں نقائص اور کوتاہیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈائرکٹوریٹ اقلیتی بہبود سے ایک عہدیدار کو روانہ کرتے ہوئے وہ رپورٹ طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افطار اور تراویح کے موقع پر پینے کے پانی کے موثر انتظام کو یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو ہدایت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل مسجد کے اندرونی حصہ میں قالینوں کی صفائی کا کام انجام دیا گیا تھا لیکن یکم رمضان کو موسلادھار بارش کے سبب قالین مختلف حصوں میں بھیگ گئی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اس حصہ میں مصلیوں کو نماز کی ادائیگی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قالینوں کی صفائی اور بدبو کے خاتمہ کیلئے ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وضو کے پانی کیلئے موثر انتظام کے علاوہ باتھ رومس میں بہتر صفائی کا انتظام کیا جائے گا۔ شاہنواز قاسم نے کہاکہ موجودہ صورتحال پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے وہ متعلقہ عہدیداروںکو شخصی طور پر معائنہ کرنے کی ہدایت دیں گے۔