کاموں کی رفتار پر محمد سلیم کا عدم اطمینان ۔ شعبان تک کام مکمل کرنے کنٹراکٹر و محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کو ہدایت
حیدرآباد۔30۔ جنوری (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی چھت کے مرمتی کاموں کا صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج معائنہ کیا۔ انہوں نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی، ڈپٹی ڈائرکٹر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا بی نارائنا اور مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مسجد کی چھت پر ڈانبر کی پرت نکالنے کے کام کا معائنہ کر نے کے بعد کنٹراکٹر اور آرکیالوجیکل آف سروے کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعمیری کام میں تیزی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کام کی رفتار اطمینان بخش نہیں ہے۔ انہوں نے شعبان کے مہینہ تک کام مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ رمضان المبارک میں روزہ داروں اور مصلیوں کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اس تاریخی مسجد کے تحفظ و تزئین نو کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ حکومت نے تعمیری کاموں کیلئے 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ ان میں سے دو کروڑ روپئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو جاری کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مابقی 6 کروڑ 48 لاکھ روپئے کام کی تکمیل کے ساتھ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی مسجد کے تعمیری کاموں میں تاخیر مناسب نہیں ہے۔ مسجد کی چھت سے بارش کا پانی اترنے سے عمارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اسی لئے حکومت نے آرکیالوجیکل سروے کو اس کام کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھت کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد بیرونی حصہ میں تزئین نو کا کام انجام دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سلاطین آصفیہ کے مقبرہ کی چھت کا کام بھی آرکیالوجیکل سروے کے ذریعہ انجام دیا جائیگا۔ محمد سلیم نے کہا کہ مسجد میں تمام بنیادی سہولتوںکی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں کیونکہ افطار اور تراویح کے وقت ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی نے بتایا کہ کام کی مستقل نگرانی کیلئے حیدرآباد کے میناریٹی ویلفیر آفیسر کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔