صدرنشین وقف بورڈ کی برہمی، آرکیالوجیکل سروے عہدیداروں اور کنٹراکٹر کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے چھت کی مرمت اور تزئین نو کے کاموں میں سُست رفتاری پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں اور کنٹراکٹر کے ساتھ مشترکہ اجلاس طلب کرتے ہوئے مسجد کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ مختص کئے جانے کے باوجود کام انتہائی سُست رفتاری سے جاری ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک سے قبل کم از کم چھت کی مرمت کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی جس پر کنٹراکٹر نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں ممکنہ مساعی کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ پراجکٹ کے تحت حکومت نے 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے مختص کئے ہیں اور ابھی تک وقف بورڈ نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو 2 کروڑ روپئے جاری کردیئے۔ کنٹراکٹر کی شکایت ہے کہ اسے مرحلہ وار طور پر فنڈز جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک صرف 40 لاکھ روپئے کی کنٹراکٹر کو جاری کئے گئے جبکہ اس نے تقریباً 2کروڑ روپئے کا کام مکمل کرلیا ہے۔ کنٹراکٹر اور آرکیالوجیکل سروے کے عہدیداروں میں تال میل کی کمی کا اثر راست طور پر کام کی رفتار پر پڑ رہا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آرکیالوجیکل سروے اور کنٹراکٹر دونوں کو ہدایت دی کہ وہ باہم تال میل کے ذریعہ کام کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل کام کی تکمیل سے مصلیوں کو راحت ہوگی۔ اگر رمضان کے دوران کام جاری رہا تو افطار اور تراویح کے وقت مصلیوں کو دشواری ہوسکتی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ جیسے جیسے کام کی تکمیل ہوگی وقف بورڈ باقی رقم جاری کردے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تاریخی مکہ مسجد کے تحفظ کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے پراجکٹ کی تکمیل کیلئے ضرورت پڑنے پر زائد رقم جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وہ بہت جلد عہدیداروں کے ہمراہ مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیںگے۔ اسی دوران محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف کے انتظامات کے آکشن کو منظوری دی۔ انہوں نے درگاہ حضرت سعد اللہ حسینی بڑا پہاڑ نظام آباد کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دو دن قبل عرس تقاریب منائی گئی تھیں جس میں وقف بورڈ کے نمائندہ کی حیثیت سے رکن ملک معتصم خاں نے شرکت کی جبکہ مہمان خصوصی وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی تھے۔ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے ہورڈنگس کی آمدنی کے سلسلہ میں خانگی کمپنی کے ذمہ داروں کو طلب کیا اور انہیں پابند کیا کہ وہ بقایا جات فوری ادا کریں اور ہورڈنگس کے کرایہ میں اضافہ کیا جائے۔ اس سلسلہ میں اندرون ایک ہفتہ کرایہ ناموں کو منظوری دی جائے گی۔