حیدرآباد ۔ 14 فبروری (پریس نوٹ) اسوسی ایشن فار پروٹکشن آف سیول رائٹس کی جانب سے مکہ مسجد کے انتظامی امور میں پائی جانے والی بے ضابطگی و لاپراہیوں کو محسوس کرتے ہوئے حقائق کو اجاگر کرنے Fact Finding Team تشکیل دی گئی، جس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس تاریخی عمارت میں جگہ جگہ شگاف پڑرہے ہیں، عمارت کی چھت اور دیواروں میں خودرو پودے اگ رہی ہیں، عمارت کے پتھر کو کیمیکل کوڈنگ کے نہ ہونے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، صحن مسجد میں چوہوں، گھونسوں کا بسیرا ہے، مسجد کے حدود میں بورویل کی کندیدگی اور اندرون چھت پر کلر کا استعمال کیا گیا جو عمارت کیلئے شدید نقصاندہ ہے۔ جب اس سلسلے میں ذمہ داروں سے استفسار کیا گیا تو لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں۔ اس مسئلہ کے مستقل حل کیلئے APCR کے ریاستی سکریٹری جناب سید شفیع اللہ قادری کی زیرقیادت وفد نے ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ آرکیالوجی و میوزیمس، ریاست تلنگانہ مسٹر وجئے کمار سے ملاقات کرکے یادداشت پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ تاریخی مکہ مسجد کے تحفظ کیلئے فوراً اقدامات کریں۔ اس موقع پر APCR ٹیم کی جانب سے مکہ مسجد عمارت کو پہنچنے والے نقصانات اور انتظامی بے قاعدگیوں کے دستاویزی تصاویر حوالے کیں۔ ڈپٹی ڈائرکٹر جناب وجئے کمار نے ڈپارٹمنٹ کو درپیش مسائل، بجٹ و اسٹاف کی کمی وغیرہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے جلد از جلد اس مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ اس ضمن میں APCR نے اس مسئلہ کے حل کیلئے چیف منسٹر سے راست نمائندگی کرے گی۔