مکہ مسجد میں متحدہ عرب امارات کے کھجوروں سے افطار

حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک میں شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں افطار کرنا شہریوں میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے بالخصوص نوجوان اپنے دوست احباب کے ساتھ چھٹی کے دن مکہ مسجد میں افطار کرتے ہیں۔ اس مرتبہ مکہ مسجد میں افطار کرنے والے روزہ داروں کے لئے خوشی دوبالا ہورہی ہے کیوں کہ یہاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کھجور کافی پسند کئے جارہے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ماہ رمضان میں مکہ مسجد میں افطار کرنے والوں کے لئے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے 3 ہزار کیلو کھجور فراہم کئے گئے ہیں۔ مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ جناب محمد عبدالقدیر صدیقی کے بموجب گزشتہ برس مذکورہ قونصلیٹ نے 500 کیلو کھجور فراہم کئے تھے جوکہ رمضان کے پہلے دہے میں روزانہ فراہم کئے گئے۔ اس مرتبہ 3 ہزار کیلو کھجور فراہم کئے گئے ہیں جبکہ مکہ مسجد میں مرد و خواتین کے منجملہ یومیہ 5 ہزار روزہ دار افطار کرتے ہیں۔